ٹک ٹاکرز کیلئے خوشخبری۔۔ پشاور ہائی کورٹ نے ٹک ٹاک کھولنے کی اجازت دیدی

پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان میں بند کی گئی سوشل میڈیا ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کھولنے کی اجازت دے دی۔

ٹک ٹاک پر غیراخلاقی مواد اپ لوڈ کرنے کیخلاف درخواست پر پشاور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کے ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹر لیگل اور وکیل عدالت کے روبرو پیش ہوئے، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ قیصر رشید نے استفسار کیا کہ پی ٹی اے نے اب تک کیا کارروائی کی ہے۔

ڈی جی پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے بتایا کہ پشاور:ٹک ٹاک انتظامیہ کے ساتھ دوبارہ مسئلے کو اٹھایا ہے، ٹک ٹاک نے فوکل پرسن بھی ہائر کیا ہے، جو غیراخلاقی اور غیرقانونی چیزیں اپ لوڈ ہونگی ان کو دیکھیں گے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایسا سسٹم ہونا چاہیے جو اچھے اور برے میں تفریق کرے، پی ٹی اے ایکشن لے گی توپھر لوگ ایسی ویڈیوز اپلوڈ نہیں کریں گے، یہ ون ٹائم نہیں ہونا چاہیئے، آپ ٹک ٹک پر غیر اخلاقی مواد روکنے کے مزید اقدامات کریں، پی ٹی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کچھ سائٹس ایسی ہے جس میں مخصوص چیزیں بلاک نہیں ہوسکتی،پوری سائٹ یا ایپلی کیشن کو بند کرنا ہوتا ہے۔

عدالت عالیہ نے ٹک ٹاک کو کھولنے کی اجازت دیتے ہوئے حکم دیا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے غیر اخلاقی مواد روکنے کے لئے مزید اقدامات کرے جب کہ ڈی جی پی ٹی اے کو آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت 25 مئی تک ملتوی کردی گئی۔

Comments are closed.