پشاور میں کوہاٹ روڈ پر مدرسے میں دھماکے سے بچوں سمیت 7 افراد شہید اور110 زخمی ہو گئے، متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ پشاور کے علاقے دیر کالونی زرگرآباد کے ایک مدرسے میں پیش آیا، دھماکے کے نتیجے میں بچوں سمیت 7 افراد شہید جب کہ110 افراد زخمی ہو گئے جن میں زیادہ تر تعداد مدرسے کے طالب علموں کی ہے، زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ایس پی سٹی پشاور کے مطابق ممکنہ طور پر دھماکہ بارودی مواد سے ہوا، ایک مشکوک شخص صبح آٹھ بجے کے قریب دھماکہ خیز مواد لے کر مدرسے میں داخل ہوا جسے وہ مسجد میں چھوڑ کر چلا گیا، جس کے بعد دھماکہ ہوا، جو کہ اتنا زوردار تھا کہ مدرسے کا ایک حصہ تباہ ہو گیا، جب کہ جس جگہ دھماکہ خیز مواد رکھا گیا وہاں پر گڑھا پڑ گیا ہے۔
دھماکے کے وقت مدرسے میں تعلیم کا عمل جاری تھا، اور ایک سو کے قریب بچے مدرسے کی عمارت میں موجود تھے، دہشت گردی کے واقعے زخمی ہونے والوں میں سے زخمیوں کی اکثریت کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال لائے گئے، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جب کہ پشاور شہر میں سیکورٹی الرٹ کر دی گئی ہے، اسپتالوں میں ایمرجنسی صورتحال نافذ ہے۔
Comments are closed.