مہنگائی کا نیا بم گرانے کی تیاریاں۔۔ پٹرول 12 روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پاکستانی عوام پر مہنگائی کا ایک بم گرانے کی تیاریاں مکمل کر لیں، یکم فروری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔

اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم فروری سے پٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر تک اضافے جب کہ ڈیزل 10 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مٹی کا تیل 7 روپے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل آئل ساڑھے 5 روپے فی لیٹر مہنگاکرنے کی کی سفارش کی گئی ہے، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکی سمری 30 روپے فی لیٹری لیوی کی بنیاد پر تیار کی ہے۔

مجوزہ اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 121 روپے 20 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل123 روپے 19 پیسے، مٹی کا تیل 83 روپے 65 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 81 روپے 23 پیسے ہو جائے گی، وزیراعظم عمران خان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری دیں گے جس کے بعد وزارت خزانہ نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔

Comments are closed.