علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے قومی ایئرلائن پی آئی اے کی باکو کے لیے براہ راست پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ پہلی پرواز PK-159 ہفتے کے روز روانہ ہوئی، جس میں 174 مسافر سوار تھے۔ ابتدائی مرحلے میں لاہور اور آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے درمیان ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی۔
پرواز کی روانگی سے قبل ایئرپورٹ کے بین الاقوامی روانگی لاؤنج میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں کیک کاٹا گیا اور مسافروں کو تحائف بھی پیش کیے گئے۔ تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادیو، سیکرٹری دفاع میجر جنرل (ر) عامر اشفاق کیانی، ڈی جی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی سمیر سعید اور ایئرپورٹ منیجر لاہور نذیر خان نے خصوصی شرکت کی۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے تقریب کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے جبکہ پی آئی اے نے باکو روانہ ہونے والے مسافروں کے لیے سووینئرز کا اہتمام بھی کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ لاہور سے باکو کے لیے پروازوں کا آغاز ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ دیگر شہروں سے بھی آذربائیجان کے لیے پروازیں بحال کی جائیں۔ خواجہ آصف نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں پی آئی اے کو شدید نقصان پہنچا اور بین الاقوامی سطح پر قومی ایئرلائن کے لیے دروازے بند ہونے لگے۔ تاہم موجودہ حکومت کے اقدامات کے بعد پی آئی اے کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی برطانیہ کے لیے بھی پروازیں بحال ہوں گی، جبکہ پی آئی اے کے فلیٹ میں نئے جہاز بھی شامل کیے جائیں گے اور مزید بین الاقوامی روٹس متعارف کرائے جائیں گے۔
اس موقع پر پی آئی اے کے اعلیٰ حکام کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کا دارالحکومت باکو تیزی سے ایک مقبول سیاحتی مقام کے طور پر ابھر رہا ہے، جسے “ایشیا کا یورپ” بھی کہا جاتا ہے۔ باکو کی کشش اس کی تاریخی عمارتیں، ثقافتی ورثہ، مذہبی مقامات اور لذیذ کھانے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے کی جانب سے باکو روٹ کی لانچنگ کے سلسلے میں ایک روڈ شو کا بھی انعقاد کیا گیا تھا، جس میں ٹریول ایجنٹس، ٹور آپریٹرز، اور سیاحت سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Comments are closed.