سعودی عرب کیلئے پاکستان سے پروازوں کی اجازت کے ساتھ ہی ایئرٹکٹس نایاب ہو گئے، ایجنٹ مافیا نے دگنی قیمت پر ٹکٹ فروخت کرنا شروع کر دیئے، قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے سی ای او نے زائد کرایہ وصول کیے جانے نوٹس لیتے ہوئے سخت ایکشن کی ہدایت کردی۔
پی آئی اے نے 15ستمبرسے بکنگ کا آغاز کیا تاہم محدود پروازوں کے باعث شعبہ ریزوویشن کے پاس انتہائی کم ٹکٹس ہونے پر مسافر کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا، مسافروں کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا عملہ ٹال مٹول سے کام لے رہا دوسری جانب ٹریول ایجںٹس نے ٹکٹ بلیک میں فروخت کرنا شروع کر دیا ہے۔ 84 ہزار روپے کا ٹکٹ ڈیڑھ لاکھ میں بیچا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اضافی کرائے کی وصولی پر سخت ایکشن کی ہدایت کی ہے ، ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی ائی اے کا ٹیکس سمیت کرایہ 84 ہزار روپے ہے جس میں ایجنٹس کا کمیشن بھی شامل ہے، ٹکٹ کے لئے زائد رقم طلب کرنے والوں سے متعلق پی آئی اے کو آگاہ کریں۔
ترجمان عبداللہ حفیظ کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن نے مسافروں کی سہولت کیلئے28 مزید پروازوں کی اجازت طلب کررکھی ہے، اس سلسلے میں پی آئی اے انتظامیہ مسلسل سعودی حکام سے رابطے میں ہے، ایک یا دو دن تک اجازت ملنے کے بعد پی آئی اے ٹکٹس آرام سے دستیاب ہوں گی،سعودی عرب جانے والے مسافر ایک سے دو دن تک انتظار کرلیں ٹکٹ دستیاب ہو جائیں گی۔
پی آئی اےترجمان کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن انتظامیہ کو ادراک ہے کہ زیادہ تر پاکستانیوں کے اقامے 30 ستمبر سے پہلے معیاد پوری کررہے ہیں، اس ہی لئے ہم نے 20 تا 30 ستمبر کے درمیان اضافی پروازوں کی درخواست کی ہے، پی آئی اے کی جانب سے پروازوں کی تیاری مکمل ہے، اجازت ملتے ہی بکنگ کیلئے سسٹم میں دستیاب ہوں گی۔
Comments are closed.