مجھے مروانے کیلئے پلان سی بن گیا، زرداری نے دہشتگرد تنظیم کو پیسے دیئے ہیں، عمران خان

پاکستان ڈیفالٹ کے قریب پہنچ گیا ہے، امپورٹڈ حکمرانوں کو ریلیف دینے کیلئے نہیں لایا گیا، مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی، گھر بیٹھے بیٹھے آزادی نہیں ملتی، جب تک زندہ ہوں جو بھی مجھے غلام بنائے گا اس کے خلاف آخری سانس تک لڑوں گا، اگرعوام چپ کر کے بیٹھ گئے تو مزید ظلم بڑھتے جائیں گے،عمران خان کا خطاب

لاہور : سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے راستے سے ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں جس کے تحت پلان سی بن گیا ہے، آصف زرداری نے دہشتگرد تنظیم کو پیسہ دے دیا ہے، انہوں نے اب اگلی واردات کرنی ہے، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ ہے، جیسے ہی ٹھیک ہوا عوام میں نکلوں گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا معاشی بدحالی رجیم چینج کا نتیجہ ہے، پاکستان ڈیفالٹ کے قریب پہنچ گیا ہے، امپورٹڈ حکمرانوں کو ریلیف دینے کیلئے نہیں لایا گیا، مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی، بے روزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے، ڈالر کی قیمت میں حالیہ اضافے سے نیا طوفان آئے گا، گیس اور پٹرول سمیت ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عوام تیار رہیں، ملک کے مستقبل کو بچانےکیلئے عوام نے کھڑے ہونا ہے، انسانوں کے حقوق ہوتے ہیں جانوروں کے نہیں،اگر انہوں نے ہمارے اوپر ظلم کیا تو ہم سب کھڑے ہوں گے، دو ہفتوں تک ان شاء اللہ میری ٹانگ ٹھیک ہو جائے گی، جس کے بعد میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ گھر بیٹھے بیٹھے آزادی نہیں ملتی، جب تک زندہ ہوں جو بھی مجھے غلام بنائے گا اس کے خلاف آخری سانس تک لڑوں گا، اگرعوام چپ کر کے بیٹھ گئے تو مزید ظلم بڑھتے جائیں گے، جہاد کا مطلب ہی انصاف کیلئے جدوجہد کرنا ہے، اللہ نے جہاد ہم سب پر فرض کیا ہے۔

Comments are closed.