سائفر پر کھیلیں، امریکا کا نام نہ لیں، عمران خان کی مبینہ آڈیو لیک

اسلام آباد : وزیراعظم ہاؤس سے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی مبینہ آڈیوز لیک ہونے کے بعد سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی مبینہ آڈیو بھی لیک ہوگئی۔ آڈیو میں عمران خان مبینہ طور پر سائفر کے معاملے اپنے پرنسپل سیکرٹری سے گفتگو کر رہے ہیں۔

آڈیو میں مبینہ طور گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں سائفر پر صرف کھیلنا ہے، امریکا کا نام نہیں لینا، اس پر اعظم خان نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ سائفر کے معاملہ پر ایک میٹنگ کرلیتے ہیں، آپ کو یاد ہے کہ سفیر نے لکھا تھا کہ ڈی مارچ کریں۔ اعظم خان نے وزیر اعظم کو اس وقت کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری خارجہ سے بات کرنے کا مشورہ دیا۔ پرنسپل سیکرٹری مزیدکہتے ہیں کہ میں نے رات بہت سوچا اس معاملہ پر، شاہ محمود قریشی لیٹر پڑھ کر سنائیں پھر اسے کاپی میں تبدیل کردیں، وہ منٹس میں نوٹ کرلوں گا۔سفارتی زبان میں اسے تھریٹ کہتے ہیں وہ اسے خود ڈرافٹ کرلیں گے، اجلاس بلائیں پھر اس معاملے پر فیصلہ کرتے ہیں۔

 سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری نے مزید کہاکہ اس یعنی (سائفر کا) تجزیہ یہاں کرنا پڑے گا، ہم تجزیہ کریں گے اور اسے منٹس میں تبدیل کریں گے جیسا کہ ہم چاہتے ہیں تاکہ یہ دفتری ریکارڈ کا حصہ بن جائے۔ عمران نے کہاکہ اسے غیر ملکی سازش بنا دیتے ہیں۔

Comments are closed.