وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت جنوبی بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اعلی ٰ سطح اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف،وفاقی وزراء اور معاونین شریک ہوئے ۔
اجلاس میں جنوبی بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور پسماندہ اضلاع کے لیے تجویز کردہ ترقیاتی پیکیج پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جنوبی بلوچستان گزشتہ ادوار میں نظر انداز رہا ، جس کے باعث لوگوں کو غربت اور پسماندگی کا سامنا رہا۔ بلوچستان کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ، جلد جنوبی بلوچستان کا دورہ کرکے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کروں گا۔
وزیر اعظم کاکہناتھاکہ وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ جنوبی بلوچستان بھی ملک کے باقی علاقوں کی طرح ترقی کرے ۔گوادر بندرگاہ ملکی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی اور اس کے مکمل فعال ہونے سے صوبے کی تقدیر بدل جائے گی ۔
اس سے قبل آرمی چیف اور وزیر اعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی ۔ ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور ،داخلی سلامتی اورسیکیورٹی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ پوری قوم دشمن کی حالیہ بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف متحد ہے۔مادر وطن کی حفاظت کے لیے جان قربان کرنے والی سیکیورٹی فورسز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
Comments are closed.