اسلام آباد: تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے وزیراعظم عمران خان متحرک ،ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ تیز، وزیراعظم نے اسلام آباد میں جلسے کا حتمی پلان بھی ترتیب دے دیا۔ کہتے ہیں پارٹی سے غداری کرنیوالوں کے خلاف قانونی و آئینی چارہ جوئی کریں گے۔ تحریک عدم اعتماد سے قبل اسلام آباد میں بڑا سیاسی جلسہ بھی کریں گے ۔
وزیراعظم عمران خان نے پارٹی اور اتحادی اراکین قومی اسمبلی کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے دن بھر بنی گالہ میں وفاقی وزراء سمیت ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کیں۔وزیراعظم نے اسلام آباد میں تاریخ ساز جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوتے پارٹی رہنماوں کو 10 لاکھ لوگ جمع کرنے کا ٹاسک دے دیا ۔
وزیر اعظم سے اسلام آباد،پشاور، راولپنڈی اور چکوال سے منتخب ارکان سمیت خواتین اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں اور تحریک عدم اعتماد سمیت ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی۔ اراکین سے ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ تحریک انصاف اسلام آباد میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرے گی ،کپتان نے کھلاڑیوں کو اسلام آباد میں دس لاکھ لوگوں کو اکٹھا کرنے کا ٹاسک دیدیا، تحریک انصاف اسلام آباد کی تنظیم جلسے کی میزبانی کرے گی،جلسہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے ایک دن قبل ہوگا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی ، پارٹی سے غداری کرنیوالوں کے خلاف قانونی و آئینی چارہ جوئی کریں گے۔ اپوزیشن معاشی ترقی روکنا چاہتی ہے، عدم اعتماد میں اپوزیشن کو شکست ہوگی،وزیراعظم عمران خان اتوار کو بھی ارکان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
Comments are closed.