وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بڑھتے اسلاموفوبیا سے بین المذاہب نفرت کو ہوا ملتی ہے، اسلامی تعاون تنظیم اسلاموفوبیا بالخصوص توہین رسالت کے خاتمے اور اسلام کے صحیح تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے موثر کردار ادا کرے۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلامی ممالک کے سفیروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں اسلاموفوبیا بڑھاہے، اسلاموفوبیاسے بین المذاہب نفرت کوہوا ملتی ہے،جس کے خاتمے کیلئے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے، پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کوششیں کر رہاہے، شدت پسندی کو اسلام سےجوڑنے سے عالمی سطح پر مسلمان متاثرہوتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اظہار رائے کی آزادی کی آڑمیں توہین رسالت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری ہوتی ہے، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اس حوالےسے عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے میں کردار اداکرتے ہوئے اوآئی سی اسلام کےصحیح تشخص اورامن کے پیغام کو موثر انداز میں اجاگر کرے۔
اپن بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں برداشت کے فروغ کیلئے عالمی برادری سے تعاون کیلئے پرعزم ہے،دہشت گردی اور انتہا پسندی کاکوئی مذہب نہیں ہوتا۔ تمام مذاہب کے افراد کی دل آزاری روکنے کیلئے قانونی اقدامات کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر مختلف اسلامی ممالک کے سفیروں نے اسلامو فوبیا اور توہین رسالت کے خاتمے کیلئے پاکستان بالخصوص وزیراعظم عمران خان کی کوششوں اور اقدامات کو سراہا، ترکی، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کے سفیروں نے اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے اپنی اپنی تجاویز پیش کی اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
Comments are closed.