وزیراعظم نے مہنگائی عارضی قرار دیکر اشیائے خورونوش جلدسستی ہونے کی نوید سنا دی

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں جاری مہنگائی کی لہر کو عارضی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر کام کی رفتارتیز ہونے سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں جلد کمی ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے شہر مٹیاری سے لاہور تک 886 کلومیٹر طویل 600 کے وی کی نئی بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے لائن لاسز تقریبا 4 فیصد ہوں گی، جب کہ اس سے پہلے لائن لاسز 17 فیصد تھے، ایک فیصد لائن لاسز سے ملک کو کئی ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔

عمران خان نے بتایا کہ بجلی کی ترسیلی لائنز بہت پرانی ہوچکی ہیں، جس کی وجہ سے لائن لاسز زیادہ ہیں، خاص طور پر پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے لائن لاسز بہت زیادہ ہیں، جس کی وجہ سے بجلی ہوتے ہوئے بھی صارفین تک نہیں پہنچا سکتے اور عوام کو تکلیف ہوتی ہے، پرانی لائنوں پر سرمایہ کاری نہ ہونے کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے

وزیراعظم نے کہا کہ مٹیاری تا لاہور اسٹیٹ آف دا آرٹ جدید ترین ٹرانسمیشن لائن بچھائی ہے اور ابھی باقی لائنز پر بھی سرمایہ کاری کریں گے، سی پیک کا آغاز بجلی کی پیداوار سے ہوا، جس میں سڑک اور پھر ٹرانسمیشن کے منصوبے شامل کیے گئے، اگلا مرحلہ صنعت کاری کا ہے، اس کے بغیر ملک میں دولت نہیں آسکتی ، دولت آئے گی تو ہم ملکی قرضے اتار سکیں گے، مقروض گھر اپنی آمدنی بڑھا کر ہی قرضے اتارتا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ سی پیک کی رفتار مزید تیز ہوگی، بیچ میں کورونا کی وجہ سے کافی مشکلات پیش آئیں، تمام سپلائی چینز متاثر ہوئیں اور پاکستان سمیت پوری دنیا میں اشیائے خورو نوش کی قیمتیں بڑھیں، لیکن یہ عارضی ہے، جیسے جیسے کورونا ویکسین لگتی جارہی ہے اور وبا کا خوف کم ہورہا ہے، امید ہے کہ اس کے باعث اگلی لہر بہت کم ہوگی اور سی پیک منصوبوں کی رفتار تیز ہوجائے گی اور مہنگائی کی عارضی مشکل جس کا ہم سامنا کررہے ہیں، وہ بھی نیچے آجائے گی۔

Comments are closed.