اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کورونا آئسولیشن کے دوران اپنی رہائشگاہ سے محدود سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔ پارٹی رہنماوں اور افسران سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت شوگر سٹہ مافیا کے خلاف کارروائیوں پر مبنی رپورٹ بھی وزیر اعظم کو پیش کر دی گئی ۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ طاقتور مافیا قانون کے تابع آ چکا ہے ، قانون کی حکمرانی سے کسی کو انکار کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
وزیر اعظم سے ملاقات کرنےو الوں میں شبلی فراز، زلفی بخاری، فیصل جاوید اور یوسف بیگ مرزا اور پرنسپل سیکرٹری اعظم خان شامل تھے ۔ وزیراعظم نے شرکاء کو اہم حکومتی امور پر ہدایات دیں۔ سٹہ مافیا سے متعلق رپورٹ پر وزیر اعظم نے کہاکہ پہلی دفعہ طاقتور مافیا قانون کے تابع آ چکا ہے ، قانون کی حکمرانی سے کسی کو انکار کی اجازت نہیں ہو گی، ہر طرح کے مافیاز کے خلاف کاروائیاں جاری رکھی جائیں اور احساس پروگرام کے ذریعے غریبوں کی فلاح کو نصب العین بنایا جائے ۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان کی آمد سے قبل ریلیف کے لیے اقدامات مکمل کیے جائیں ،رمضان پیکج ہرصورت مستحق افراد تک پہنچنا چاہیے ۔وزیراعظم کو ہاوسنگ، ڈیمز، اور ادارہ جاتی اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
Comments are closed.