وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کے دوران ہمارا مقابلہ ایسی سیاسی قیادت سے ہے جس نے کبھی جمہوری جدوجہد نہیں کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت کورونا جیسی صورتحال کا سامنا ہے، عالمی وباء کے دوران پاکستان میں ہمارا مقابلہ ایسی سیاسی قیادت سے ہے جو کبھی جمہوری جدوجہد سے نہیں گزری۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی قیادت عام شہریوں کو درپیش مشکلات کو سمجھنے سے قاصر ہے کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی ایک دن بھی کام کیا اور ناں ہی عام شہریوں کی بہتری کے لئے کسی اہم کام میں کبھی حصہ لیا ہے، اپنے خاندانوں کیلئے لوٹی دولت بچانا ان کا واحد مایوس کن مقصدہے۔
بات جاری رکھتے ہوئے وزیرعظم نے مزید کہا کہ انہوں (اپوزیشن قائدین) نے قومی دولت لوٹ کر عوام کو مزید غریب بنایا، اپوزیشن کے نام نہاد “لیڈرز” بڑے محلوں میں شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں، ان کی “شاہی” زندگی کا انحصار براہ راست اس ناجائز اور غیرقانونی طور پر حاصل شدہ دولت پر ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے غریب لوگوں کے روزگار اور معیشت کو تباہی سے بچانے کے لئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا تو ان “لیڈرز”نے مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا، کورونا کی نئی لہر میں دوبارہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے تو یہ جلسے کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو عام شہریوں کی زندگیوں کی کوئی فکر نہیں، این آر او حاصل کرنے کے لئے یہ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، یہ سمجھتے ہیں این آر او کے لئے حکومت پر دباؤ ڈالنے کا یہ آخری موقع ہے، لیکن یہ این آر او حاصل کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
Comments are closed.