وزیراعظم عمران خان نے سندھ میں خاتون اور اس کی کمسن بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والےدرندوں کو گرفتار کرنے والے بہادر اے ایس آئی محمد بخش بوریرو کو ٹیلیفون کیا اور انہیں اور ان کی صاحبزادی کی دلیری کی تعریف کی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے بتایا ہے کہ انہوں نے اے ایس آئی کشمور محمد بخش بوریرو سے ٹیلی فون پر بات کی اور ان کی بے مثال بہادری پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آپ اور آپ کی بیٹی کے مثالی اقدام اور ہمت کی وجہ سے کشمور ریپ کے ملزم کی گرفتاری ہوئی۔
بات جاری رکھتے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ محمد بخش بوریرو جیسے افسران پر پوری قوم کو فخر ہے، ایسے کارناموں کی وجہ سے پولیس کا مثبت امیج مزید بہتر ہوا۔
وزیراعظم عمران خان نے لکھا ہے کہ حکومت نے جنسی زیادتی کے واقعات کے خاتمے کے لئے اینٹی ریپ آرڈیننس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، آرڈیننس کے ذریعے موجودہ قانون میں خامیوں کو دور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملزمان نے کراچی کی خاتون کو ملازمت کا جھانسہ دے کر بچی سمیت اغواء کر لیا، جس بکے بعد یہ درندے نہ صرف خاتون بلکہ اس کی کمسن بچی کو اپنی حوس کا نشانہ بناتے رہے۔
اس کے بعد ملزمان نے خاتون کو اس شرط پر چھوڑا کہ وہ مزید لڑکیوں کو اُن کے پاس لے کر آئے گی تو اس کی معصوم بیٹی کو چھوڑیں گے، جب کہ پولیس کے پاس جانے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
بہادر پولیس افسر محمد بخش بوریرو نے ملزمان تک پہنچنے کیلئے اپنی بیٹی کو آمادہ کیا، بہادر باپ بیٹی نے خطرہ مول لیتے ہوئے ان درندوں سے متاثرہ خاتون کی معصوم بیٹی کو بازیاب کرایا، گزشتہ روز پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک جب کہ دوسرے کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
Comments are closed.