عیدالفطر پر کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے عیدالفطر پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا شکرہے کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔ اللہ تعالیٰ ہمارے روزوں اور عبادات کو اپنی بارگاہ مبارک میں قبول فرمائے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اللہ تعالی نے ہمیں صبر و شکر اور اپنے نفس اور ضروریات پر قابو پانے کی جس عملی تربیت سے گزارا ہے اس کا مقصد ہمارے اندر دوسروں کی تکالیف، بھوک، پریشانی کا احساس پیدا کرنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ احساس اور دوسروں کا درد ہی انسانی معاشرے کی اصل طاقت اور پہچان ہوتے ہیں اور یہی ریاست مدینہ کا خاصہ تھا جو ہمارا رول ماڈل ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم پورا سال اس جذبے کو ساتھ لے کر چلیں اور معاشرے کو انسان دوست بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وباء کی تیسری لہر کے پیش نظر پوری قوم سے درخواست ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل پیرا ہوں اور ہر ممکن احتیاط برتیں۔ احتیاط ہمارے دین کا حکم بھی ہے اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی۔ انہوں نے نے اپیل کی کہ اس سال عید کی خوشیاں مناتے ہوئے اپنے ارد گرد بسنے والے بے کس و بے سہارا افراد خصوصا کورونا کی وجہ سے مشکلات کا شکار خاندانوں کا بھی خیال رکھیں۔

آئیے اس موقع پر ان افراد اور ان خاندانوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں جو بڑے مقاصد کے لئے بڑی قربانیاں دیکر قوم کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں۔ عید کے اس پرمسرت موقع پر ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ہماری قوم کو عید کی خوشیاں نصیب فرمائے اور ہمارے ملک کو آفات سے محفوظ رکھے

Comments are closed.