وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور پاک چین مشترکہ سرمایہ کاری منصوبے جلد فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
چینی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے سلسلے میں جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال ،وفاقی وزیر پاور ڈویژن خرم دستگیر، وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چودھری سالک حسین اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان چین کے کثیرالجہتی تعلقات اور سرمایہ کاری میں موجود مزید ممکنہ مواقع پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی ہدایت کی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، پاک چین مشترکہ سرمایہ کاری منصوبوں کو جلد فعال کرنے لئے ہر ممکن سہولت بہم پہنچائی جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والی تمام چینی کمپنیوں کے ملازمین کی سکیورٹی مزید موثر بنائی جائے۔
Comments are closed.