پاکستان مسلم لیگ نون نے ملک میں مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے پارٹی قائد محمد نواز شریف سے رابطہ کر کے ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، شہباز شریف نے بتایا کہ ملک میں مسلسل بڑھتی مہنگائی، بیروزگاری کے باعث عوام سخت اضطراب اور مشکلات کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے مسلم لیگ ن نے احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے شہباز شریف کو دیگر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے اور تحریک کے حوالے سے مشاورت کا کہا۔
اپوزیشن لیڈر نے پارٹی قائد سے مشاورت کے بعد جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کے فیصلے آگاہ کیا، اپوزیشن جماعتوں کی اعلیٰ قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی سے نجات دلانے کے لئے گھروں سے نکلنا ہوگا۔
Comments are closed.