نواز شریف کو کراچی جلسے میں تقریر سے کیسے روکاجائے؟ پیپلزپارٹی قیادت پریشان

 سابق وزیراعظم نواز شریف کی گوجرانوالہ جلسے میں تقریرنے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو پریشان کردیا، ذرائع کے مطابق اتحاد میں شامل جماعتیں خاص کر پیپلزپارٹی اس تقریر پر زیادہ خوش نہیں، پیپلزپارٹی قیادت چاہتی ہے پاک فوج اور بالخصوص اس کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ پر براہ راست تنقید سے ہر صورت گریز کیا جائے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کا خیال ہے موجودہ حالات میں جس طرح نواز شریف بیان بازی اور الزام تراشی کر رہے ہیں اس طرح کی غیرمحتاط تقریروں سے جہاں پی ڈی ایم تحریک کو نقصان پہنچ سکتا ہے وہیں عوام میں اس کا منفی تاثر جائے گا اور پاکستان دشمن قوتوں کو بھی پراپیگنڈے کا موقع ملے گا۔

ذرائع کا کہناہے کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری سمجھتے ہیں کہ ایسے وقت میں جب گزشتہ پانچ دنوں میں 22 فوجی جوان دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر چکے ہیں، تمام تر تحفظات کے باجود پاک فوج کی قیادت پر براہ راست حملے درست نہیں ۔

 اس صورتحال میں پیپلز پارٹی کی خواہش ہے کہ کسی طرح نون لیگ کی قیادت کو اس بات پر راضی کرلیا جائے کہ نواز شریف کراچی جلسے میں لندن سے خطاب نہ کریں، کیونکہ اگر انہوں نے پھر عسکری قیادت کے خلاف سخت زبان استعمال کی تو نون لیگ کے لیے بڑی مشکلات پید اہو سکتی ہیں۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ پیپلز پارٹی قیادت کا کہناہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب ہی اس تحریک اصل مرکز ہے اور یہاں نون لیگ ہی اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ہے،اگر نون لیگ کے خلاف اس طرح کی تقریروں کو جواز بنا کر کوئی کاررروائی ہوتی ہے تو پی ڈی ایم کے جلسے کامیاب نہیں ہو سکیں گے اور تحریک کو مقاصد کے حصول میں ناکامی ہوسکتی ہے۔

باخبر ذرائع کا کہناہے ہو سکتا ہے کہ نون لیگ کو اس بات پر راضی کرلیا جائے کہ آصف زرداری اور نواز شریف دونوں خطاب نہیں کریں گے اور مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کے خطابات کوہی کراچی کے جلسے میں مرکزی حیثیت دی جائے گی۔

 

Comments are closed.