اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد رہنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت بہتر کر کے مسلم امہ کی قیادت حاصل کر سکتے ہیں۔
یوم آزادی کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، تقریب کے آغاز میں سائرن بجایا گیا، صدر عارف علوی نے سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات شبلی فراز سمیت وفاقی وزراء اور معاونین خصوصی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
صدر پاکستان عارف علوی نے پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کے جواب میں امن کا پیغام دیا، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، سی پیک سے خطے میں ترقی اورخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے اقدامات کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد مملکت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا رہا، قوم نے آزمائشوں سے گزر کر بہت کچھ سیکھا۔ پاکستان سمیت دنیا بھرمیں کورونا کا حملہ ہوا، پوری دنیا لاک ڈاون کی طرف گئی۔ وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے فیصلہ کیا کہ مکمل لاک ڈاون نہیں کر سکتے، غریبوں کی فکر کرتے ہوئے جزوی لاک ڈاون کیا جو کامیاب رہا۔
صدرمملکت نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل طلب ہے، سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بحث تاریخی تھی، یہ پاکستان کی خارجہ محاذ پر بڑی کامیابی تھی۔ نئے پاکستانی نقشے کا اجرا بہت بڑا کام ہے، 5 اگست یوم استحصال کشمیر کے طور پر منایا گیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ کورونا کے باوجود معیشت کا استحکام بہت بڑی جیت ہے، ہم معیشت بہتر کر کے مسلم امہ کی قیادت حاصل کر سکتےہیں، جاری خسارہ 20 ارب سے 3 ارب روپے تک آ گیا ہے، ٹیکس اورمحصولات میں نمایاں اضافہ ہوا، ہم نے احساس پروگرام کے تحت غریب عوام سے رشتہ بنایا، قومیں صحت اور تعلیم کے باعث غربت سے نکلتی ہیں۔
اس سے قبل یوم آزادی کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں صدرڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے جنہیں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے وحشیانہ مظالم کاسامناہے ۔
انہوں نے کہاکہ بھارت گزشتہ تین عشروں سے زائد عرصے سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہاہے اور پانچ اگست دوہزار انیس کو لاک ڈائون کے نفاذ کے بعد سے جعلی مقابلوں میں ماورائے عدالت قتل عام کے مظالم میں تیز ی آگئی ہے۔ بھارت میں تمام اقلیتوں کونشانہ بنایا جارہاہے اور مودی حکومت ملک میںہندوبالادستی کی پالیسی مسلط کرنا چاہتی ہے ۔
صدرمملکت نے کہاکہ میں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیرکے غیورعوام کویقین دلاتاہوں کہ پاکستان ان کے منصفانہ حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا جس کا وعدہ اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں میں کیاگیا ہے
قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے ہر پاکستانی پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے کام کرنے کا پختہ عزم کرے اور ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے متحدرہیں۔ صدر نے کہاکہ یہ دن ہمیں ان عظیم قربانیوںکی یاددلاتاہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں ہمارے ابائو اجداد نے دیں۔
Comments are closed.