وزیراعظم کی سیلاب سے متاثرہ بلوچ طالبعلم اکرام اللہ سے ملاقات، تعلیمی کامیابی پر مبارکباد اور خصوصی تحفہ پیش

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بلوچستان کے دور دراز سیلاب متاثرہ علاقے سے تعلق رکھنے والے طالبعلم اکرام اللہ نے ملاقات کی، جس نے راولپنڈی میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پہلی ملاقات کی یاد
وزیراعظم نے بتایا کہ 2022 میں دورہ قلعہ سیف اللہ کے دوران امدادی خیمے میں اکرام اللہ سے ملاقات ہوئی تھی، جہاں اس نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اس کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وعدے کی تکمیل
اکرام اللہ نے وزیراعظم کو یاد دلایا کہ اس نے پچھلی ملاقات میں پوزیشن حاصل کرنے کا وعدہ کیا تھا، جو اب پورا ہوا ہے۔ وزیراعظم نے پرانی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دن اکرام اللہ نے سیاہ شلوار قمیض پہن رکھی تھی اور بتایا تھا کہ علاقے میں اسکول نہیں ہیں، بچوں کو تعلیم کے لیے دور جانا پڑتا ہے۔

لارنس کالج میں داخلہ اور کامیابی
شہباز شریف نے بتایا کہ بعد میں انہوں نے اکرام اللہ کو لارنس کالج میں داخلہ دلایا۔ گزشتہ روز جب انہیں اکرام اللہ کی کامیابی کی خبر ملی تو انہیں بے حد فخر محسوس ہوا۔ انہوں نے اس کامیابی کو والدین، اساتذہ کی دعاؤں اور طالبعلم کی محنت کا نتیجہ قرار دیا۔

اظہارِ تشکر اور وزیراعظم کا تحفہ
اکرام اللہ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی بدولت ممکن ہوئی۔ اس نے بتایا کہ وہ کھیلوں اور تقریری مقابلوں میں بھی حصہ لیتا ہے۔ وزیراعظم نے اسے خصوصی تحفہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحفہ مستقبل میں تعلیم اور عملی زندگی میں مددگار ثابت ہوگا۔

Comments are closed.