وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف چینی صدر شی جن پھنگ اور چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ کی خصوصی دعوت پر 4 سے 8 جون تک چین کا پانچ روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔
بیان کے مطابق وزیرِ اعظم کا دورہءِ چین، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے اور پاکستان چین اسٹریٹجک و اقتصادی تعلقات کے مزید فروغ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیرِ اعظم اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں چینی شہر شینزن جائیں گے۔ وزیرِ اعظم دونوں ممالک کی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے مابین شراکت داری کے فروغ کیلئے چین کے شہر شینزن میں بزنس فورم میں شرکت کریں گے۔
مزید برآں وزیرِ اعظم چینی ون ونڈو آپریشن کے مشاہدے کیلئے نانشان ون ونڈو اور ہواوے کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے۔ وزیراعظم دورے کے دوسرے مرحلے میں بیجنگ جائیں گے جہاں ان کی چین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات ہوگی۔ وزیرِ اعظم چینی صدر شی جن پھنگ اور چینی ہم منصب لی چیانگ سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیرِ اعظم چین اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ اعلیٰ سرکاری عہدیداران، مختلف کمپنیوں کے سربراہان اور چینی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ بیجنگ میں وزیرِ اعظم عوامی یادگار (پیپلز مانومنٹ) کا دورہ بھی کریں گے۔
Comments are closed.