اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی کابینہ کے اہم ارکان کے ہمراہ پاکستان ایئر فورس بیس کامرہ کا اہم دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزیر دفاع، وزیر منصوبہ بندی اور وزیر اطلاعات بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے، جو اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج کی قیادت ملکی دفاع میں ہم آہنگی اور تعاون کے عزم پر متحد ہے۔
وزیراعظم کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں، جنگی صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی کے جدید استعمال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فوری جواب دینے کی تیاریوں پر روشنی ڈالی گئی۔
وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو سراہا اور کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج، خاص طور پر پاک فضائیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے فرنٹ لائن پر موجود پائلٹس، انجینئرز اور ٹیکنیکل عملے سے ملاقات کی، ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے جذبے کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور حکومت دفاعی شعبے کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے پی اے ایف بیس کامرہ میں موجود جدید جنگی جہازوں اور ٹیکنالوجی کا بھی معائنہ کیا۔
Comments are closed.