وزیراعظم شہباز شریف کا ملک میں ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی لگانے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات کریں گے، دعا ہے کہ سندھ میں سیلاب سے زیادہ نقصان نہ ہو۔

سیلابی صورتحال اور ریلیف آپریشن

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب نے پورے ملک میں بڑی تباہی مچائی ہے۔ پنجاب میں ہزاروں ایکڑ فصلیں زیرِ آب آچکی ہیں جبکہ سیلاب سندھ میں داخل ہو رہا ہے۔ تقریباً ایک ہزار پاکستانی سیلاب کی نذر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے وزیرِ موسمیاتی تبدیلی کو ذمہ داریاں سونپتے ہوئے ہدایت کی کہ نقصانات کا تخمینہ لگا کر کابینہ میں رپورٹ پیش کی جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا اکیلے مقابلہ نہیں کر سکتا۔

میجر عدنان اسلم کی شہادت کو خراج تحسین

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کے دلیر افسر میجر عدنان اسلم نے دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ وہ گزشتہ روز راولپنڈی میں شہید کی نمازِ جنازہ میں شریک ہوئے اور اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ شہید کی بہنوں نے کہا کہ وہ اپنے بھائی کی قربانی پر فخر کرتی ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں تاریخ رقم کر رہی ہیں، ہمیں ان کا شکر گزار ہونا چاہیے۔

ملک دشمن پراپیگنڈے کے خلاف سخت پیغام

شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف جاری مہم کو “زہریلا پراپیگنڈا” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن فتنے کی مکمل بیخ کنی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے یہ فتنہ پاکستان میں ہو یا بیرون ملک، اسے جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔

دورۂ چین اور سی پیک فیز ٹو

وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ چین کو کامیاب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کانفرنسز اور دوطرفہ ملاقاتیں انتہائی مؤثر رہیں۔ سی پیک فیز ٹو کے خدوخال طے ہو چکے ہیں، جس میں زراعت، خصوصی اقتصادی زونز اور بی ٹو بی انویسٹمنٹ شامل ہیں۔ اس فیز میں 85 فیصد سرمایہ کاری چین جبکہ 15 فیصد پاکستان کرے گا۔ این ڈی آر سی کے اگلے اجلاس میں سی پیک ٹو کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی کمپنیوں کے ساتھ بھی ایم او یوز پر دستخط کیے گئے ہیں اور پاکستان امریکا و چین دونوں کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

اسرائیلی جارحیت کی مذمت

وزیراعظم نے قطر پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کا قتل عام کر رہا ہے، اور اس سفاکانہ کارروائی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے امیرِ قطر سے بات کی اور پاکستان کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کیا جس پر قطر نے شکریہ ادا کیا۔

Comments are closed.