وزیراعظم شہباز شریف کی سیلاب متاثرین کے لیے امداد بڑھانے کی اپیل، عطیات کے عالمی دن پر خصوصی پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عطیات کے عالمی دن کے موقع پر قوم سے خصوصی پیغام میں سیلاب متاثرین کے لیے امداد اور تعاون بڑھانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ مل کر آج کے دن معاشرتی فلاح و بہبود، عطیات اور باہمی رواداری کی اہمیت کو اجاگر کر رہا ہے۔

پاکستانی قوم کا خدمت اور ایثار کا جذبہ
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ پاکستانی قوم ہمیشہ رنگ و نسل اور تعصب سے بالاتر ہو کر دوسروں کی مدد کے لیے سب سے آگے رہی ہے۔ یہ خدمت کا جذبہ ہماری سماجی و معاشرتی اقدار، اسلامی تعلیمات اور تہذیب کی روشن علامت ہے۔

رضاکاروں اور فلاحی اداروں کا کردار
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے رضاکاروں اور خدمت گزاروں نے ہر مشکل وقت میں اہل وطن کی عملی اور مالی مدد کی، چاہے وہ قدرتی آفات ہوں، حادثات، جنگ یا ایمرجنسی۔ انہوں نے مخیر حضرات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے عطیات سے مفت علاج، دسترخوان، ایمبولینس سروسز اور کئی دیگر فلاحی منصوبے کامیابی سے جاری ہیں۔

عوامی شرکت پر فخر کا اظہار
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام کی فلاحی کاموں اور عطیات میں شرکت نے پاکستان کو دنیا کے ان ممالک میں شامل کر دیا ہے جو سب سے زیادہ عطیات دینے والے ممالک میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے معاشرے میں ایثار اور خدمت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

سیلاب متاثرین کی فوری ضروریات
شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے متاثرہ آبادی کے مال مویشی، روزگار اور گھروں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ متاثرین خوراک، چھت اور صحت کی سہولتوں کے منتظر ہیں۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں، عوام اور پاک فوج مل کر ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

قوم سے اپیل
وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو یاد دہانی کرواتے ہیں کہ وہ سیلاب متاثرین کی ریلیف اور بحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی رواداری اور خدمت کے جذبے پر عمل پیرا ہو کر ہم ایک باوقار اور مضبوط مستقبل کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔

Comments are closed.