اسلام آباد – وزیراعظم شہباز شریف نے قطر میں قائم امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قطر اور سعودی عرب کے سفیروں سے ٹیلیفونک رابطے کیے اور خطے میں بڑھتی کشیدگی پر بات چیت کی۔
وزیراعظم نے پاکستان میں تعینات قطری سفیر علی مبارک الخاطر سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے قطر کی حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا:
> “خطے میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی کو کم کرنا ضروری ہے، پاکستان ہر سطح پر امن کی حمایت کرتا ہے۔”
قطری سفیر علی مبارک الخاطر نے بروقت رابطہ کرنے اور یکجہتی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قطر پاکستان کے خلوص اور سفارتی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
وزیراعظم نے اسی سلسلے میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ایرانی حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
> “پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے تمام ممکنہ کوششیں کرے گا۔”
سعودی سفیر نواف المالکی نے وزیراعظم کے بروقت رابطے اور حساس صورتحال پر توجہ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ:
> “پاکستان اور سعودی عرب کو مل کر خطے میں امن کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔”
واضح رہے کہ ایران نے حالیہ دنوں امریکی حملے کے جواب میں قطر میں امریکی فوجی اڈے العدید پر بیلسٹک میزائل داغے، جس کی ایرانی سرکاری ٹی وی نے بھی تصدیق کی ہے۔ اس پیشرفت کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کی فضا مزید گہری ہو گئی ہے۔
پاکستان کی جانب سے سفارتی سطح پر یہ روابط خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے سنجیدہ کوششوں کا حصہ قرار دیے جا رہے ہیں۔
Comments are closed.