پوپ فرانسس کی وفات پر وزیر اعظم شہباز شریف کا اظہارِ افسوس

اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے رومن کیتھولک چرچ کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس دنیا بھر میں اربوں انسانوں کے لیے نیکی، امن، اور رواداری کی علامت تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوپ فرانسس کی قیادت میں کیتھولک چرچ نے بین المذاہب ہم آہنگی، عالمی امن، اور انسانیت کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے اپنے بیانات، طرزِ زندگی، اور اقدامات کے ذریعے دنیا کو محبت، تحمل اور باہمی احترام کا پیغام دیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوپ فرانسس کا کردار نہ صرف عیسائی دنیا بلکہ تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے مشعلِ راہ تھا۔ ان کی سادگی، امن پسندی، اور مساوات پر مبنی سوچ نے کروڑوں دلوں کو متاثر کیا۔

وزیراعظم نے پوپ فرانسس کی حالیہ اپیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ایسٹر کے موقع پر غزہ اور فلسطین میں فوری جنگ بندی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خاتمے کا مطالبہ ان کی انسان دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پوپ فرانسس کی رحلت ایک عالمی سانحہ ہے، بالخصوص مسیحی برادری کے لیے یہ ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ویٹی کن سٹی، عالمی مسیحی برادری اور پوپ کے چاہنے والوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

Comments are closed.