وزیراعظم شہباز شریف کا سیلابی صورتحال پر ہنگامی اجلاس، متاثرہ علاقوں کیلئے فوری امدادی اقدامات کی ہدایت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد میں ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔
این ڈی ایم اے کی بریفنگ
چیئرمین این ڈی ایم اے نے اجلاس کو بتایا کہ ملک کے بالائی حصوں میں کلاؤڈ برسٹ اور فلیش فلڈز کے باعث بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔ اجلاس میں جاری ریسکیو و ریلیف آپریشن پر پیش رفت اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔
وزیراعظم کی ہدایات
وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ریسکیو و ریلیف آپریشن میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
فوری امدادی اقدامات
وزیراعظم نے احکامات دیے کہ خیبر پختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں خیمے، ادویات، اشیاء خورونوش اور دیگر ضروری سامان فوری بھیجا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امدادی سامان کو ترجیحی بنیادوں پر ٹرکوں کے ذریعے بھیجا جائے اور متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں اور سیاحوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔
صوبائی قیادت سے رابطہ
اجلاس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فونک گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کلاؤڈ برسٹ اور فلیش فلڈز کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور صوبائی حکومت کو وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
Comments are closed.