ایرانی سپریم لیڈر،سید علی خامنہ ای سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات۔ صدر رئیسی اور ساتھیوں کے انتقال پر تعزیت
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ امام خامنہ ای سے ملاقات کی۔ سپریم لیڈر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے المناک انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ صدر رئیسی ایک وژنری رہنما تھے جنہوں نے اپنے ملک اور اپنے لوگوں کی خدمت کے لئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔مرحوم صدر رئیسی کے اپریل 2024 میں دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کے قابل تعریف کردار کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاک ۔ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے حوالے سے مرحوم ایرانی صدر کے وژن کو جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے تاریخ کے اس نازک موڑ پر اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف کئے گئے جذبات کے اظہار کو محسوس کرتے ہیں اور شکریہ ادا کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور ہم پاک ۔ایران تعلقات کے حوالے سے مرحوم ایرانی صدر رئیسی کے وژن کو آگے بڑھائیں گے۔وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔
Comments are closed.