وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے “معرکہ حق” کے دوران جاری آپریشن بنیانِ مرصوص کی فرنٹ لائن پر موجود افواجِ پاکستان کے افسران و جوانوں سے ملاقات کے لیے سیالکوٹ کی پسرور چھاؤنی کا اہم دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم نے فرنٹ لائن پر موجود دستوں کا حوصلہ بڑھایا اور ان کی جرأت و قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو آپریشن کی تیاریوں، اہداف اور اب تک کی کامیابیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، وفاقی وزرا احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ، کور کمانڈر سیالکوٹ اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کے حملے کو محض چند گھنٹوں میں ناکام بنایا، جو ان کی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے نہتے شہریوں، بچوں اور خواتین کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، اور اسے اپنے جھوٹے دعوؤں اور تکبر کا منہ توڑ جواب ملا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق شہباز شریف آئندہ دنوں میں پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران و جوانوں سے ملاقات کے لیے ائیر بیسز اور نیول بیسز کے دورے بھی کریں گے تاکہ ان کے جذبے اور خدمات کو سراہا جا سکے۔
Comments are closed.