وزیراعظم شہباز شریف کا ایک روزہ سرکاری دورۂ متحدہ عرب امارات، اعلیٰ سطحی ملاقاتیں متوقع

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ دورہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے فرمانروا عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف یو اے ای کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات، معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت، توانائی، تعمیرات، اور مالیاتی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بات چیت متوقع ہے۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور معاشی پارٹنرشپ کو مضبوط کرنے کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات، پاکستان کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار ہے، اور ہر سال لاکھوں پاکستانی شہری روزگار کے لیے یو اے ای میں مقیم ہوتے ہیں، جو ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

Comments are closed.