لاچین (آذربائیجان): وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ایران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد آذربائیجان پہنچ گئے۔ آذربائیجان کے شہر لاچین کے ایئرپورٹ پر وزیر خارجہ جیہون بایراموف اور پاکستان کے سفیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے لاچین پہنچے ہیں۔ ان کے دورے کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی روابط اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے بعد تاجکستان کا دورہ کریں گے۔
ایران کے حالیہ دورے کے دوران وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای، صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس دوران بھارت کی جانب سے پاکستان پر مسلط کردہ دہشت گردی کے خلاف ایران کی حمایت کو سراہا گیا۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اسٹریٹجک تعلقات کی مضبوطی اور غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی فوری روک تھام پر بھی زور دیا۔
Comments are closed.