وزیراعظم کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، پٹرول 18 روپے فی لیٹر سستا

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جس وقت ہم نے حکومت سنبھالی تو تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی تھیں جبکہ مہنگائی بھی بہت زیادہ تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے جو سخت معاہدہ کیا تھا اسے جاتے ہوئے تہس نہس کر دیا، جب ہم آئے تو مہنگائی عروج پر تھی اور تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں، ہمیں سر منڈواتے ہی اولے پڑے تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے یہ کام ہماری حکومت کو مشکلات میں ڈالنے کیلئے کیا، تیل کی قیمتوں میں کمی کیلئے خزانے میں پیسے نہیں تھے، جس کی وجہ سابق حکومت تھی، جس نے معیشت کو تباہ کرنے کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے طے پاچکا ہے، جس کا سہرا وزیر خزانہ اور اُن کی ٹیم کو جاتا ہے، مگر کچھ قومیں ایسی بھی تھیں جنہوں نے سالوں پہلے آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کرلیا، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ یہ ہمارا بھی آخری معاہدہ ہو اور پھر ہم خود اپنے پیروں کو کھڑا ہونے کی کوشش کریں۔

وزارت خزانہ کی جانب جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 18 روپے 50 پیسے ،ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 33 روپے 81 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 34 روپے 71 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم لیوی میں کوئی کمی نہیں کی گئی

Comments are closed.