لاہور: واہگہ-اٹاری سرحد پر آج صبح پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ عمل میں آیا، جس میں دونوں ممالک نے ایک ایک قیدی کو ایک دوسرے کے حوالے کیا۔ اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باوجود ایک اہم انسانی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (BSF) کے اہلکار پرنم کمار سنگھ کو بھارتی حکام کے سپرد کیا گیا۔ پرنم کمار سنگھ کو 23 اپریل کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ قصور کے مقام پر سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہوا تھا۔ گرفتار کے وقت وہ رائفل سے مسلح تھا۔
دوسری جانب پاکستانی پنجاب رینجرز کے اہلکار محمد اللہ کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔ تبادلے کی یہ کارروائی آج صبح 10 بجے مکمل ہوئی۔
یہ تبادلہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان اور بھارت کے تعلقات محدود جھڑپوں اور کشیدہ صورتحال کے باعث تناؤ کا شکار ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان زمینی بارڈر بند ہے اور سفارتی تعلقات بھی سرد مہری کا شکار ہیں۔ ایسے میں قیدیوں کی حوالگی کو ایک مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.