‎پی ٹی آئی ٹائیگرز کا عارف علوی سے احتجاج، شہباز گل کے بیانات پارٹی انتشار کی سازش قرا

پی ٹی آئی ٹائیگرز نیویارک نے سابق صدر عارف علوی کے سامنے شہباز گل کے منفی بیانات کا معاملہ اٹھاتے ہوئے عاطف خان کے خلاف شہباز گل کے الزامات اور ہرزہ سرائی کو پارٹی انتشار کی سازش قرار دے دیا۔

سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کی نیویارک آمد پر پاکستان تحریک انصاف نیویارک کی جانب سے مقامی ہوٹل میں استقبالیہ دیا گیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی امریکہ بالخصوص نیویارک کے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

پاکستان تحریک انصاف نیویارک ٹائیگرز نے سینئر پارٹی رہنما عاطف خان کے خلاف شہباز گل کی ہرزہ سرائی اور الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کے بے بنیاد الزامات کی وجہ سے نہ صرف تحریک انصاف امریکہ میں اختلافات بڑھ رہے ہیں بلکہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں میں بھی سخت تشویش پائی جاتی ہے۔

سابق سینئر نائب صدر پی ٹی آئی نیویارک ضمیر چوہدری نے تحریک انصاف ٹائیگرز کی جانب سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کے سامنے اپنا موقف پیش کیا۔ انہوں نے سابق صدر سے مطالبہ کیا کہ شہباز گل کو سمجھایا جائے کہ وہ پارٹی میں دراڑیں نہ ڈالیں، پارٹی قیادت کے ساتھ مخلص عاطف خان کے خلاف بے بنیاد ہرزہ سرائی سے باز رہیں اور یوٹیوب کی ویورشپ اور کمائی کے لئے ہر بات کو مرچ مصالحہ لگا کے پیش نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ مصلحت سے کام لیا جائے اور مثبت کوششوں سے عمران خان کو رہا کروایا جائے۔ پی ٹی آئی ٹائیگرز نے واضح کیا کہ شہباز گل کی روش پارٹی اختلاف اور قائد عمران خان کی رہائی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں۔

Comments are closed.