بھارتی وزیراعظم کے سیاسی فائدے کے لیے اشتعال انگیزی ناقابل قبول ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں “بے بنیاد، اشتعال انگیز اور سیاسی مفادات کے حصول کا ذریعہ” قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ بھارت کا یہ رویہ نہ صرف خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے بلکہ ایک ذمہ دار ریاستی نظام کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔

ترجمان کے مطابق مودی کے بیانات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور خطے میں دانستہ کشیدگی پیدا کرنا ہے تاکہ بھارتی حکومت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ایک فعال شراکت دار ہے، پاکستان پر دہشت گردی کا الزام نہ صرف بے بنیاد بلکہ بھارت کی سیاسی چال ہے۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ خودمختار ملک کے خلاف فوجی کارروائی پر فخر کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کے جارحانہ بیانات نہ صرف خطے میں کشیدگی کو ہوا دیتے ہیں بلکہ امن کی راہ میں رکاوٹ بھی ہیں۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی مہم جوئی کا مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہیں، جیسا کہ ماضی میں بھی پاکستان نے بھارت کو بھرپور جواب دیا۔

دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے نفرت انگیز اور اشتعال انگیز بیانیے کا فوری نوٹس لیا جائے تاکہ خطے میں امن کو لاحق خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔

Comments are closed.