پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے ملک بھر میں ٹِک ٹَاک ایک بار پھر بلاک کردی

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کو ایک مرتبہ پھر ملک بھر میں بلاک کردیا ہے۔

پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کو بلاک کرنے کے حوالے سے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی متعلقہ دفعات کی روشنی میں پی ٹی اے نے ملک میں ٹِک ٹاک ایپ اور ویب سائٹ تک رسائی کو بلاک کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک کو بلاک کرنے کی کارروائی اس پلیٹ فارم پر نامناسب مواد کی مستقل موجودگی اور پلیٹ فارم انتظامیہ کی جانب سے ایسے مواد کو روکنے میں ناکامی کی وجہ سے کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مختلف عدالتوں کی جانب سے بھی ٹک ٹاک پر پابندی کے حوالے سے احکامات آتے رہے ہیں۔ ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے نامناسب مواد ہٹانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔

Comments are closed.