پی ٹی اے کا گوگل اور وکی پیڈیا کو نوٹس، گستاخانہ مواد فوری ہٹانے کی ہدایت

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے گوگل اور وکی پیڈیا کو پلیٹ فارمز کے ذریعے گستاخانہ مواد پھیلانے کے معاملے پر نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

پی ٹی اے کا یہ اقدام احمدیہ کمیونٹی کی جانب سے گوگل پلے سٹور پر قرآن پاک کا غیرمستند ورژن اپ لوڈ کرنے اور ”موجودہ خلیفہ اسلام” سے متعلق گمراہ کن سرچ رزلٹس کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایات کا نتیجہ ہے۔ معاملے کی  انتہائی سنجیدہ نوعیت کے پیش نظر، پی ٹی اے نے گوگل سے رابطہ کرکے اس قسم کے غیر قانونی مواد کوفوری طور پر ہٹانے کی ہدایات کی۔

متعلقہ پلیٹ فارم کو جاری کردہ یہ نوٹس غیرقانونی آن لائن مواد کو ہٹانے اور بلاک کرنے (طریقہ کار،نگرانی اورحفاظتی اقدامات) قواعد 2020 کے تحت جاری کیے گئے ہیں تاکہ ریگولیٹر کی جانب سے کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے گستاخانہ مواد کو فوراً ہٹا دیا جائے۔

پیغمبر اسلامؐ کے گستاخانہ خاکوں کی موجودگی اور وکی پیڈیا پر شائع کردہ مضامین کے ذریعے گمراہ کن، غلط، فریب اوردھوکہ دہی پرمبنی معلومات سے متعلق شکایات بھی موصول ہوئی ہیں جن میں مرزا مسرور احمد کو ایک مسلمان کی حیثیت سے پیش کیا گیا۔ اس معاملے پر وسیع گفت و شنید کے بعد وکی پیڈیا کو نوٹس جاری کردیا گیا تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچتے ہوئے گستاخانہ مواد کو فوری طورپر ہٹا دیا جائے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ پلیٹ فارمز کی جانب سے عدم تعمیل کی صورت میں پی ٹی اے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016 (پی ای سی اے) اور قواعد 2020 کے تحت مزید کارروائی کر سکتا ہے۔

Comments are closed.