تحریک انصاف چاروں صوبوں کی جماعت ہے، مائنس کر کے فیصلے ممکن نہیں : عمران خان

اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی نے سانحہ جعفر ایکسپریس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو ایک آواز کے ساتھ دبانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور وکیل سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

بانی پی ٹی آئی کی وکلا سے ملاقات

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا کہ سانحہ جعفر ایکسپریس کے بعد بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی پہلی ملاقات ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے تحریک انصاف کو ملک کی مقبول ترین جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت دہشت گردی کے خلاف واقعی سنجیدہ ہوتی تو مجھے باہر لایا جاتا۔

خاندانی اور سیاسی پابندیاں

چیئرمین پی ٹی آئی نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو پچھلے چھ ماہ میں صرف دو مرتبہ اپنے بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے آج ہونے والے فیصلے کی مکمل تائید کی ہے۔

ملک کی سیاسی صورتحال پر اظہار افسوس

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملکی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بغیر قومی سلامتی کمیٹی کی بریفنگ بے معنی ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے آئین اور جمہوریت کے لیے کھڑا رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ڈیل کی سختی سے تردید

وکیل بانی پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان نے کہا کہ فارم 47 کی حکومت جتنا بھی ظلم کر لے، وہ کسی صورت ڈیل نہیں کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف چاروں صوبوں کی جماعت ہے اور انہیں مائنس کرکے کوئی فیصلہ ممکن نہیں۔

سیاسی رفقا سے ملاقات پر پابندی

سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے سیاسی رفقا سے پانچ ماہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، اور ہم اس حوالے سے عدالت سے رجوع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس کوئی “گیدڑسنگی” نہیں، بلکہ قانونی تقاضوں کے مطابق وکلا کو بانی سے ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے۔

Comments are closed.