اڈیالہ جیل کے باہر گرفتار پی ٹی آئی قیادت اور عمران خان کی بہنیں رہا

پولیس نے سابق وزیراعظم اور بانی تحریک انصاف عمران خان کی تینوں بہنوں سمیت اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار تمام افراد کو رہا کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت تحریک انصاف کا کوئی بھی رہنما پولیس تحویل میں نہیں ہے۔ عمران خان کی بہنیں علیمہ خان، نورین خان اور عظمیٰ خانم کو دیگر رہنماؤں کے ہمراہ چکری انٹرچینج کے قریب ایک ہوٹل میں چھوڑ دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر سے پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کو حراست میں لیا تھا، جن میں علیمہ خانم، نورین خان، عظمیٰ خانم، صاحبزادہ حامد رضا، عمر ایوب، ملک احمد بھچر اور قاسم نیازی شامل تھے۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام افراد کو باقاعدہ گرفتاری کے وارنٹس دکھا کر حراست میں لیا گیا تھا۔ گرفتاری سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں اور پولیس کے درمیان بحث و تکرار بھی ہوئی، جس کے مناظر موقع پر موجود افراد نے ریکارڈ کیے۔

دریں اثناء، اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی، جس سے ماحول کافی کشیدہ ہو گیا تھا۔ تاہم، زرتاج گل، سیمابیہ طاہر اور تابش فاروق کو پولیس نے گرفتار نہیں کیا۔

Comments are closed.