پاکستان تحریک انصاف نے توہین مذہب کے مقدمات کے معاملے پر خصوصی خطوط اقوامِ متحدہ کے خصوصی مندوبین کو بھجوا دیئے۔سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ کرائم منسٹر اور اس کی غنڈہ گرد حکومت کا حقیقی چہرہ دنیا کو دکھائیں گے۔
پی ٹی آئی کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے انسانی حقوق کونسل کی قراردادوں کے تحت اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے حقوق آزادی اظہارِ رائے کے تحفظ و فروغ، مندوب برائےتحفظِ آزادی عقائد، مندوب برائے انسداد ماورائے عدالت قتل اور اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو علیحدہ علیحدہ خطوط بھجوائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان خطوط میں موجودہ حکومت کے غیرجمہوری ہتھکنڈوں کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔
شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کا ایک ذمہ دار رکن ملک اور عالمی معاہدوں و قوانین کی پابند ریاست ہے۔ ریاستی سطح پر عوام کے بنیادی جمہوری حقوق کا اہتمام حکومت کے بنیادی فرائض میں سے ایک ہے۔ عوام میں ساکھ اور مقبولیت سے محرومی کے باعث حکومت فاشسٹ اقدامات سے اقتدار کا دوام چاہتی ہے۔ریاستی سطح پر سیاسی مخالفین کیخلاف توہینِ مذہب کا کارڈ استعمال کیا جارہا ہے۔
تحریک انصاف کی سینئر رہنما نے موقف اپنایا ہے کہ اس بیہودہ اور شرمناک حرکت کا واحد مقصد ملک کو غیرمعمولی داخلی انتشار کی جانب دھکیلنا ہے۔ میڈیا پر بھرپور بندشوں کے بعدمخصوص صحافیوں کو چُن چُن کر نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ حکومت کو پاکستان میں طوائف الملوکی کے فروغ کی قطعاً اجازت نہیں دیں گے۔سیاسی و جمہوری حقوق پر شب خون مارنے والے فاشسٹوں کا ہرمحاذ پر مقابلہ کریں گے۔
Comments are closed.