وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں۔ ان کے تحفظ، ترقی اور احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا پاکستان سب کا وطن ہے جہاں ہر شہری اپنے عقیدے کے ساتھ محفوظ اور آزاد ہے۔
تعلیم، فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کو تعلیم، ترقی اور فلاح و بہبود کا پورا حق دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پہلی بار پنجاب میں اقلیتی برادری کے لیے “مینارٹی کارڈ” متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت 50 ہزار اقلیتی افراد کو سہ ماہی ساڑھے 10 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔ یہ تعداد بڑھا کر 75 ہزار تک کی جائے گی۔
قانونی اصلاحات اور مذہبی آزادی
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب کو پہلا “سکھ میرج ایکٹ 2024” منظور کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، جس کے تحت ’’آنند کارج‘‘ کو قانونی حیثیت دی گئی ہے۔ اسی طرح ہندو میرج ایکٹ 2017 کی منظوری 2025 میں دی گئی ہے تاکہ ہندو برادری کے شادی کے معاملات کو قانونی تحفظ حاصل ہو سکے۔
بجٹ اور ترقیاتی منصوبے
مریم نواز کے مطابق رواں مالی سال اقلیتی برادری کے لیے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ 8 ارب روپے مختص کیا گیا ہے۔ مذہبی تہواروں کی گرانٹس 6 کروڑ سے بڑھا کر 36 کروڑ 60 لاکھ روپے کر دی گئی ہیں۔ 40 تاریخی گوردوارے، 25 چرچز اور 5 مندروں کی بحالی کے لیے خطیر رقم رکھی گئی ہے، جن میں لاہور کی سمادھی مہاراجہ رنجیت سنگھ، راولپنڈی کا شری کرشنا مندر اور چرچ آف پاکستان شامل ہیں۔
تعلیمی مواقع اور روزگار کی سہولت
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اقلیتی طلباء کے لیے 60 ملین روپے کے اسکالرشپ فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ یوحنا آباد میں لائیو کورسز کا آغاز کیا گیا ہے جس سے پہلے مرحلے میں 1,000 اور دوسرے میں 10,000 طلباء مستفید ہوں گے۔ اس کے علاوہ صوبے میں بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر کو پہلی بار سرکاری سطح پر بھرپور طریقے سے منایا گیا ہے۔
رواداری اور بھائی چارے کا عزم
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں اقلیتی کوٹہ سسٹم پر مکمل عمل ہو رہا ہے اور ہم نہ صرف ان کے حقوق کے محافظ ہیں بلکہ ترقی کے ہر میدان میں ان کا جائز حصہ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم ایک ایسے معاشرے کی جانب بڑھ رہے ہیں جہاں محبت، رواداری اور بھائی چارہ ہماری پہچان ہوگا
Comments are closed.