پنجاب حکومت نے اسموگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر پیٹرول موٹر سائیکل اور پیٹرول رکشوں کی پروڈکشن پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسدادِ اسموگ کے خصوصی اجلاس میں یہ اہم فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت پیٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکلیں مرحلہ وار اور بتدریج بند کی جائیں گی۔
الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیاں
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے تمام سرکاری ادارے آئندہ صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں خریدیں گے، جبکہ الیکٹرک موٹر سائیکلیں سرکاری استعمال کے لیے لازمی قرار دی جائیں گی۔ گھروں کی سطح پر پانی سے گاڑیاں دھونے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔
جدید رنگ دار کوڑے دان
صوبے بھر میں عالمی معیار کے رنگ دار کوڑے دان نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ کچرے کی علیحدگی اور ریسائیکلنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ پلاسٹک اور زہریلا دھواں پیدا کرنے والی اشیا جلانے پر سخت سزا دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
خصوصی ورکشاپس
مقررہ معیار سے زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی جانچ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف ورکشاپس قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں پہلا ایئر کوالٹی مانیٹرنگ نیٹ ورک فعال ہوچکا ہے جبکہ اے کیو آئی فورکاسٹ سسٹم کے ذریعے اسموگ کی بروقت نشاندہی ممکن بنائی گئی ہے۔
فصلیں جلانے کے واقعات
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور اور مضافات میں فصلیں جلانے کے واقعات میں 88 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے ڈرون نگرانی، سیٹلائٹ ٹریکنگ اور خصوصی کوئیک ریسپانس فورس مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
جدید سسٹمز
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کا پہلا ایکو چیٹ بوٹ، موبائل ایپ اور پبلک ڈیش بورڈ فعال ہو چکے ہیں۔ 18 اضلاع میں 41 ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز کام کر رہے ہیں اور آئندہ سال مزید 100 سینسرز نصب کیے جائیں گے۔
پنجاب کے پہلے ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم کے تحت 3 لاکھ گاڑیوں کی ٹیسٹنگ مکمل کی جا چکی ہے جبکہ سیف سٹی اتھارٹی میں اسموگ وار روم 8500 کیمروں کے ذریعے انڈسٹری اور ڈسٹ ہاٹ سپاٹس کی نگرانی کر رہا ہے۔
وزیراعلٰی کا اظہارِ اطمینان
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسموگ کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے بھٹوں پر بچوں سے مشقت کے خلاف مہم کی بھی حوصلہ افزائی کی۔
Comments are closed.