پنجاب حکومت نے پہلے سال میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے: عظمیٰ بخاری

لاہور: صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 26 فروری کو عہدے کا حلف اٹھایا اور پہلے ہی سال میں پنجاب حکومت نے کامیابیاں حاصل کر کے ناقدین کو جواب دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر کہا جاتا ہے کہ حکومتیں پہلے سال میں کام نہیں کر پاتیں، مگر مسلم لیگ (ن) نے اس روایت کو توڑ کر کارکردگی کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے فلیگ شپ منصوبے “ستھرا پنجاب” کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام عوام کے دلوں میں جگہ بنا چکا ہے۔ انہوں نے ناقدین کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ آ کر حکومت کی کارکردگی کا مقابلہ کریں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کو گالی گلوچ کی سیاست کی نہیں بلکہ خدمت کی سیاست کی ضرورت ہے۔ مخالفین وزیراعلیٰ مریم نواز پر ذاتی حملے کر رہے ہیں، مگر ہم کارکردگی اور خدمت میں مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔

نارووال جلسہ اور مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نارووال میں صرف سڑکوں کے افتتاح کا منصوبہ تھا، جسے عوامی پذیرائی کے باعث جلسے کی شکل مل گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کہتے تھے کہ مسلم لیگ (ن) ختم ہو چکی ہے اور عوام میں نہیں نکل سکتی، مگر حالیہ جلسے اس تاثر کو غلط ثابت کر رہے ہیں۔

“ستھرا پنجاب” منصوبہ اور روزگار کے مواقع

پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر برائے بلدیات ذیشان رفیق نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ “ستھرا پنجاب” کے تحت شہروں اور دیہاتوں کی صفائی کا ہدف دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی 154 تحصیلوں میں سے 140 تحصیلوں کو آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے، جبکہ 14 تحصیلوں میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی خود کام کر رہی ہے۔

ذیشان رفیق نے کہا کہ صفائی کے بہتر انتظامات سے پنجاب کی معیشت کو فائدہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ “ستھرا پنجاب” کے تحت 1 لاکھ 25 ہزار نوکریاں دینے کا ہدف تھا، جس میں سے 91 ہزار سے زائد افراد کو نوکریاں دی جا چکی ہیں۔

Comments are closed.