پنجاب حکومت کا تاریخی بجٹ: عوامی فلاح، رہائش، تعلیم اور صفائی کو ترجیح

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری اور وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے مشترکہ پریس کانفرنس میں مالی سال 2025-26 کے بجٹ کو ’’تاریخی اور عوام دوست‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ ترقی اور سہولت کی نئی راہوں پر گامزن ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز ہر روپے کو عوام کی امانت سمجھتی ہیں اور خود کو عوام کے سامنے جوابدہ تصور کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے بجٹ میں صرف عوامی فلاح کو ترجیح دی ہے، اور کسی قسم کے احتجاج یا جلاؤ گھیراؤ کیلئے کوئی فنڈ مختص نہیں کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک سال کے دوران 40 ہزار گھر بنائے جا چکے ہیں، جب کہ پچھلی حکومتیں 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کر کے 50 گھر بھی مکمل نہ کر سکیں۔ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہتری لاتے ہوئے ہزاروں طلبہ کو لیپ ٹاپس فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اہم محکموں کی فنڈنگ میں 3 سے 300 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے، اور وزیراعلیٰ کی پالیسی میں جزا و سزا کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ اس بار پنجاب کا بجٹ ٹیکس فری ہے، جس میں عوام کیلئے بے شمار خوشخبریاں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” اسکیم کے تحت 50 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف جون کے اختتام تک مکمل ہو جائے گا، جب کہ 36 ہزار سے زائد گھر زیر تعمیر ہیں۔

بلال یاسین نے کہا کہ 3.5 ملین افراد نے پلاٹ حاصل کرنے کیلئے درخواستیں جمع کرائی ہیں، اور دسمبر 2025 تک ایک لاکھ سے زائد گھر مکمل کر لیے جائیں گے۔ لاکھوں خاندانوں کو 15 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے بھی دیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنا گھر حاصل کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز روزانہ کی بنیاد پر منصوبوں کا جائزہ لیتی ہیں اور وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہیں کہ ہر شہری کا اپنا گھر ہونا چاہیے۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے مثالی انتظامات کا ذکر کرتے ہوئے بلال یاسین نے کہا کہ اس بار عوام کو ایسا محسوس ہوا جیسے قربانی ہوئی ہی نہیں، کیونکہ پورے صوبے میں صفائی کے مثالی انتظامات کیے گئے تھے۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ جلد پنجاب کی سڑکوں پر ماحول دوست 1100 نئی بسیں چلائی جائیں گی، جو عوام کو معیاری اور سستی سفری سہولیات فراہم کریں گی۔

Comments are closed.