پنجاب کی ترقی اور ثقافت میری اولین ترجیح ہے، مریم نواز

لاہور کے تاریخی الحمرا ہال میں پنجابی کلچر ڈے کے سلسلے میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ “پنجاب ایک خوبصورت اور زرخیز صوبہ ہے، پنجابی بولنے والوں کو اپنی زبان پر فخر ہونا چاہیے، مجھے بھی پنجابی ہونے پر فخر ہے۔” انہوں نے کہا کہ انہیں پنجاب کی مٹی، زبان اور ثقافت سے گہرا لگاؤ ہے۔ مشرف دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ “ہمیں وطن سے دور جانا پڑا لیکن دل ہمیشہ وطن اور خاص طور پر پنجاب کی ثقافت کے ساتھ جڑا رہا۔”

مریم نواز نے مزید کہا کہ 30 سال بعد ملک میں ہارس اینڈ کیٹل شو کا دوبارہ انعقاد ہوا، جو ہماری ثقافت کی بحالی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ “کوئی بھی گانا سن لیں، لیکن بھنگڑے کا کوئی متبادل نہیں ہے۔”

ملکی معیشت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ “مخالفین ملک کے ڈیفالٹ کی باتیں کرتے تھے، مگر آج پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے، سرمایہ کاری آ رہی ہے اور مہنگائی میں کمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، “میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ آٹے کی قیمت کم رہے، ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات بہتر بنائی جا رہی ہیں اور جلد فنکاروں کے لیے بھی خصوصی اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔”

تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے تین روزہ پنجابی کلچر ڈے کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ملک بھر سے آئے ہوئے فنکاروں، سماجی و ثقافتی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مریم نواز نے الحمرا ہال میں پنجابی ثقافت کے رنگوں سے سجے سٹالز کا معائنہ بھی کیا، جہاں روایتی دستکاری، ملبوسات، کھانے پینے اور دیگر ثقافتی جھلکیاں پیش کی گئیں۔

تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ “ہمارا پنجاب ہمیشہ ہنستا بستا اور خوشحال رہے۔”

Comments are closed.