قطر کا فریقین سے فوری مذاکرات کی اپیل، العدید ایئربیس حملے کی مذمت

قطر کی وزارتِ خارجہ نے ایران کی جانب سے امریکی ایئربیس العدید پر میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی عسکری کارروائیاں نہ صرف علاقائی استحکام کو خطرے میں ڈالتی ہیں بلکہ عالمی امن و سلامتی پر بھی تباہ کن اثر ڈال سکتی ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر ماجد الانصاری نے دوحہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قطر تمام فریقوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر عسکری کارروائیاں بند کریں اور سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔

الانصاری نے کہا:

> “ہم اس بات کا اطمینان دلاتے ہیں کہ قطر کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائلوں کو کامیابی سے ناکام بنایا، اور ایئربیس کو پہلے ہی خالی کرا لیا گیا تھا۔”

ترجمان کے مطابق اس حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ حملے کی مکمل تفصیلات پر مشتمل جامع بیان جلد وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ قطر کا عالمی سطح پر ثالثی کا کردار مسلمہ ہے اور موجودہ کشیدہ صورتحال میں بھی قطر امن، استحکام اور مکالمے کو ترجیح دیتا ہے۔

مزید کہا گیا کہ:

> “اس نوعیت کی اشتعال انگیز کارروائیاں جاری رہیں تو خطے میں عدم استحکام اور خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ ہم تمام فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔”

قطری حکومت کے مطابق ملک بھر میں زندگی معمول پر واپس آ چکی ہے اور سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔

Comments are closed.