قائداعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز بچہ قرار دیا تھا، ہم اس مؤقف پر آج بھی قائم ہیں: فضل الرحمان
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کراچی کی شاہراہ قائدین پر منعقدہ “اسرائیل مردہ باد مارچ” سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ “امریکا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بس بہت ہوگیا، اسرائیل کوئی ملک نہیں بلکہ ایک ناجائز ریاست ہے۔”
انہوں نے کہا کہ آج کا یہ تاریخی اجتماع غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ہے، اور یہ پیغام دینا ہے کہ “آپ تنہا نہیں ہیں، پاکستانی قوم آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔” مولانا کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) کے کارکنان فلسطینی عوام کے ساتھ ہر سطح پر کھڑے ہیں اور اس مارچ کے ذریعے ہم حکمرانوں کو بیدار کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “ہمارے حکمران ذاتی مفادات کے غلام بن چکے ہیں، اور اسلامی دنیا کے بیشتر حکمران کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔” مولانا فضل الرحمان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ “ہم خون کے آخری قطرے تک فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں، اسرائیل کو کسی بھی صورت تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔”
انہوں نے تاریخی حوالے دیتے ہوئے کہا کہ “بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز بچہ قرار دیا تھا، ہم اس مؤقف پر آج بھی قائم ہیں۔”
مارچ میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور اسرائیل و امریکا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لے اور فلسطینیوں کو ان کا حق دلانے میں کردار ادا کرے۔
Comments are closed.