کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ، 4 اہلکار شہید، 20 زخمی

کوئٹہ میں مستونگ روڈ پر سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں4 اہلکار شہید اور 20 زخمی ہو گئے۔

بلوچستان ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کا واقعہ رونما ہوا ہے، کوئٹہ کے علاقہ سونا خان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید اور20 زخمی ہو گئے، واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا اور دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کیے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل سوار خودکش بمبار نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی سے خود کو ٹکرایا، بم ڈسپوزل سکواڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ مستونگ روڈ پر خود کش دھماکے میں 4 سے 5 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا جب کہ خودکش بمبار نے مکمل ریکی کرنے کے بعد خود کو فورسز کی گاڑی سے ٹکرایا تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے کوئٹہ میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئےشہداء کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی اور زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیرداخلہ، وزیراعلیٰ بلوچستان، اپوزیشن شہباز شریف، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سربراہ جماعت اسلامی سراج الحق نے کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والے افراد کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔

Comments are closed.