جڑواں شہروں میں بار ش نے تباہی مچا دی، 12مزدوروں سمیت 14 افراد جاں بحق

 اسلام آباد:جڑواں شہروں میں مون سون کے تیسرے اسپیل نے تباہی مچا دی ۔ دیوارگرنے سمیت حادثات میں اب تک چودہ افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ راولپنڈی کے نالہ لئی میں طغیانی کے باعث پانی نشیبی علاقوں میں داخل ہو گیا ۔نالہ لئی میں پانی کی سطح 19 فٹ تک بلند ہوئی ،انتظامیہ کیساتھ فوج بھی الرٹ ہے۔

گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرنے سے 12 مزدو ر دب کر جان کی بازی ہار گئے، امدادی ٹیموں نے لاشیں اور چار زخمیوں کو ملبے سے نکال لیا۔ پولیس کے مطابق تقریبا ً 100 فٹ طویل اور گیارہ فٹ اونچی دیوار کیساتھ مزدوروں نے پل کی تعمیر کے لیے ٹینٹ لگا رکھا تھا۔ محمدی ٹاون میں دیوار گرنے سے گیارہ سالہ بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ برف خانہ چوک میں نالے سے نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔

دوسری جانب نالہ لئی میں طغیانی کے باعث راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہو گیا اور قیمتی سامان کو نقصان پہنچا۔ بارش رکنے پر گھروں سے پانی نکال دیاگیا جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح اب معمول پر آگئی ہے۔ راولپنڈی میں شمس آباد کے مقام پر سب سے زیادہ 195 ملی میٹر جبکہ چکلالہ میں 91 ملی میٹر بارش ہوئی ، اسلام آباد میں بوکرا کے مقام پر 145 ملی میٹر ، زیرو پوائنٹ پر 105،گولڑا 112 اورسید پورمیں 51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

Comments are closed.