رمضان شوگر ملز ریفرنس: شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد

لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کرپشن ریفرنس پر صدر مسلم لیگ (ن) و اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی۔

رمضان شوگرملز کرپشن کے الزام میں نیب ریفرنس پرلاہور کی احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے سماعت کی، مقدمے نامزد ملزمان صدر مسلم لیگ میاں شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد نہ کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان پر فرد جرم عائد کی جس سے دونوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو طلب کر لیا۔

اس موقع پر صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ انہوں نے کھربوں روپے کے منصوبے لگائے ہیں ، آج تک سرکار کا ایک روپے کا پٹرول تک استعمال نہیں کیا، انہوں نے قسم اٹھاتے ہوئے کہا کہ نیک نیتی سے کام کیا ہے، پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) بنایا، گندے نالے کے کیس میں پھنسایا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت فرض تھا کسی پر کوئی احسان نہیں کیا پندرہ یا بیس کروڑ کو میں نے کیا کرنا ہے میں کیوں جَھک مارتا ؟ خادم اعلی روزگار سکیم میں کمپنیز سے چالیس کروڑ روپے چھڑوائے میں نے اور میری ٹیم نے بہترین کام کیا۔

Comments are closed.